لاہور:حکومت نے چینی سرمایہ کاروں کے لئے الگ سے خصوصی اکنامک زون بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں بنایا جائے گا‘یہ منصوبہ ڈیڑھ سے دو سال میں مکمل ہو گا۔
چیئرمین فیڈ مک میاں کاشف اشفاق نے اتوار کے روز ایک تقریب کے بعد گفتگو کے دوران بتایا کہ اس خصوصی زون کی ڈویلپمنٹ کاتمام کام چینی کمپنیاں کریں گی اور وہی اس کی مارکیٹنگ کر کے چینی سرمایہ کاروں کو یہاں لے کر آئیں گی۔
چیئرمین فیڈمک کے مطابق اس زون میں صرف چینی سرمایہ کاروں کو ہی سرمایہ کاری کی اجازت ہو گی اور یہ منصوبہ ڈیڑھ سے دو سال میں مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس میں چین سے”ری لوکیٹ“ہونیوالی انڈسٹری لگائی جائے گی جس میں سرامکس، سٹیل، لائٹ انجینئرنگ اور آٹوموبائل کے شعبے شامل ہیں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سرمایہ کاری کے حوالے سے چینی سرمایہ کاروں کا سب سے ترجیحی مقام بن چکا ہے اور فیڈمک کے ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں 30کمپنیاں ایک ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کر چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کے لئے متعدد چینی کمپنیاں فیڈمک کے ساتھ رابطے میں ہیں اور چینی سرمایہ کاروں کے لئے الگ زون بننے سے اس تعداد میں مزید اضافہ ہو گا جس سے پاکستان میں انڈسٹریلائزیشن کو فروغ ملے گا۔