وزارت خزانہ کا کہنا ہےکہ گزشتہ چار ہفتوں سے مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی آ رہی ہےاورضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 0.22 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کےمطابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ کی سربراہی میں نیشنل مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں انڈوں اور خوردنی گھی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا گیا ہے۔
حفیظ شیخ کی سربراہی میں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کوبتایا گیا کہ ضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 0.22 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ پچھلے 4 ہفتوں کے دوران مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی آ رہی ہے،گندم، ٹماٹر، پیاز، آلو اور مرغی کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری تجارت کو ہدایت کی گئی کہ صوبائی حکومتوں اور ایف بی آر کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ بلائیں تاکہ اس سلسلے میں مزید اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں قیمتوں پر کڑی نگرانی کریں۔
دوسری جانب اجلاس میں سیکرٹری فوڈ سکیورٹی نے گندم اور چینی کے ذخائر کی موجودہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی۔