کراچی:ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل نے کہاکہ خواتین کاروبار کے لیے 5 فیصد شرح سود پر 50لاکھ روپے تک قرض لے سکتی ہیں۔
جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سیما کامل نے کہا خواتین محدود وسائل میں گھر چلاتی ہیں اور گھر سے ملک چلتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین 100 روپے میں کسی بھی بینک میں آسان اکاؤنٹ کھول سکتی ہیں، آسان اکاؤنٹ صرف شناختی کارڈ پر کھولا جا سکتا ہے۔
اکاؤنٹ کھولنے کے کوئی چارجز نہیں اور کم از کم رقم رکھنے کی بھی کوئی شرط نہیں ہے۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ آسان اکاؤنٹ میں ماہانہ 5لاکھ روپے کی رقم جمع اور نکالی جا سکتی ہے، 5 لاکھ سے زائد کاروبار کی صورت میں آمدنی کا ثبوت دینا ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ آسان اکاؤنٹ سب کے لیے ہے، طلبا بھی کھول سکتے ہیں، آسان اکاؤنٹ پر منافع بھی ملتا ہے۔سیما کامل نے کہا کہ ملک میں خواتین کے اکاؤنٹ 18فیصد اور مردوں کے 51فیصد اکاؤنٹ ہیں، بینکوں سے تعلیم، شادی اور گھر کی تعمیر پر لون ملتا ہے، لیکن خواتین کو علم ہی نہیں ہے، خواتین کاروبار کے لیے 5فیصد شرح سود پر 50لاکھ تک قرض لے سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کامیاب جوان اسکیم سے خواتین 10لاکھ تک بغیر زرضمانت قرض لے سکتی ہیں، کامیاب جوان اسکیم پروگرام میں خواتین کے لیے 25فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ خواتین کی آگاہی کے لیے اسٹیٹ بینک نے فنانشنل لٹریسی پروگرام کا آغاز کیا ہے، پروگرام کے ذریعے 10 لاکھ افراد کو آگاہی فراہم کی جائے گی جس میں 50فیصد خواتین ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی میں خواتین کا بڑا حصہ ہے، خواتین کی بڑی تعداد زراعت سے وابستہ ہے، روشن ڈیجیٹل اکانٹ میں تین ماہ میں 60 ہزار اکاؤنٹ کھل چکے ہیں۔