کراچی:پی آئی اے نے ملازمین کو حاصل میڈیکل کی سہولت کو مبینہ طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے اخراجات میں کمی اور کرپشن کا جواز بنا کر ملازمین کو حاصل میڈیکل کی سہولت کو مبینہ طور پر ختم کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا۔ملازمین کو سرکاری صحت کارڈ جاری کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت ملازمین کو حاصل ہسپتال، لیبارٹری اور فارمیسی سے ملازمین کو دستیاب سہولت بند کر دی جائیں گی، جبکہ پینل ہسپتالوں اور لیبارٹری، او پی ڈی، اسپیشلسٹ کلینک اورہسپتال میں داخلے کی سہولت بھی ختم کر دی جائے گی۔
نئے مبینہ منصوبے میں 18 سال سے 60 سال تک کے لئے 1 سے 4 ہزارروپے ماہانہ طبی الانس دینے جبکہ او پی ڈی اخراجات ماہانہ تنخواہ اور پنشن کے ساتھ ادا کی جائے گی۔طبی سہولیات کے خاتمے سے متعلق پلان کی منظوری وزیر اعظم سے حاصل کی جائے گی۔
پی آئی اے ملازمین، ان کے اہل خانہ، والدین، مطلقہ یا بیوہ بیٹیوں کو میڈیکل سہولیات دستیاب ہیں۔
ذرائع کے مطابق طبی سہولیات کا خاتمہ ایئر لائن کے لئے منظور کردہ نئے ایکٹ سے بھی مطابقت نہیں رکھتا، تنخواہوں میں عدم اضافے اور ملازمین کی میڈیکل سہولیات کا خاتمہ مالی مشکلات کا باعث ہوگا، جبکہ متعلقہ شعبے سے وابستہ ملازمین کا روزگار بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔