پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے ورسک روڈ پشاور اور شبقدر میں قائم ماربل فیکٹریوں کو نئے قائم ہونے والے مہمند اکنامک زون منتقل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے رضا کارانہ طور پر اپنی فیکٹریاں منتقل کرنے والے فیکٹری مالکان کو مہمند اکنامک زون میں رعایتی نرخوں پر پلاٹس فراہم کرنے کے علاوہ امدادی گرانٹس دینے کا اعلان کیا ہے۔
ان فیکٹریوں کو مہمند اکنامک زون منتقل کرنے کا مقصد شہر میں ماحولیاتی آلودگی اور ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کے علاوہ ماربل کی ان فیکٹریوں کو ایک جگہ یکجا کرکے اُنہیں سہولیات فراہم کرنا ہے۔ صوبائی حکومت نے ماربل کی صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے بونیر ماربل سٹی کے مجوزہ منصوبے پر عملی کام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت بدھ کے روز مہمند اکنامک زون اور بونیر ماربل سٹی کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے معاونین خصوصی عارف احمد زئی، ریاض خان‘سیکرٹری معدنیات، چیف ایگزیکٹیو آفیسر خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈمینجمنٹ کمپنی جاوید خٹک سمیت دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ نے ورسک روڈ پر قائم ماربل فیکٹریوں کو مہمند اکنامک زون منتقل کرنے کے لئے ان ماربل فیکٹری مالکان کی مشاورت سے لائحہ عمل ترتیب دینے اور اس سلسلے میں 15 دنوں میں ہوم ورک مکمل کرکے ایکشن پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس کو مہمند اکنامک زون کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مہمند اکنامک زون 350 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے اور اب تک اس اکنامک زون میں 106 پلاٹس الاٹ کئے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ 184 پلاٹس پر ورسک روڈ اور شبقدر میں قائم ماربل فیکٹریوں کو منتقل کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ ورسک روڈ پر قائم ماربل فیکٹریوں میں سے 19 فیکٹریوں کے مالکان نے مہمند اکنامک زونز میں منتقل ہونے کے لئے درخواستیں دی ہیں۔اجلاس میں مہمند اکنامک زون کو اسپیشل اکنامک زون میں تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
بونیر ماربل سٹی کے مجوزہ منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ ماربل سٹی 126 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہوگا جس میں 200 انڈسٹریل یونٹس لگائی جائیں گی جبکہ منصوبے میں 2.8 ارب روپے کی سرمایہ کاری بھی متوقع ہے۔ منصوبے سے 12000 نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے بونیر ماربل سٹی کے قیام کے لئے مجوزہ سائیٹ سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کوزمین کی خریداری کا پی سی ون ایک ہفتے کے اندر متعلقہ فورم سے منظور کروانے کی ہدایت کی ہے۔