وزیر اعظم نے اسٹیل کی قیمت بڑھنے کا نوٹس لے لیا 

کراچی: وزیر اعظم عمران خان نے سٹیل بارز کی بڑھتی قیمتوں کو دیکھنے کیلئے حکومت کے اعلی ٰعہدیداروں اور نجی شعبے پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وزیر صنعت صنعت حماد اظہر، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو جاوید غنی، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور نجی شعبے کے لوگوں پر مشتمل کمیٹی کو قابل عمل حل پیش کرنے کی ہدایت کی۔

یہ فیصلہ ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس کے دوران کیا گیا تھا جس میں بلڈرز اور ڈیولپرز نے بھی شرکت کی تھی۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر اعظم نے کمیٹی کو سٹیل بارز کی مقامی پیداوار، صارفین کی دلچسپی اور حکومت کے ریونیوپر اثرات سے متعلق تفصیلی تحقیقاتی تجزیئے کے بعد سٹیل بارز کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر حکمت عملی تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔