اسلام آباد:کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے خیبر پختونخوا، آزادکشمیر اور یوٹیلٹی سٹورز کیلئے 5لاکھ ٹن اضافی گندم فراہم کرنے اور نئی فصل آنے تک مزید گندم کی درآمد کی منظوری دے دی ہے۔جبکہ ٹیکسٹائل پالیسی ایک بار پھر موخر کردی گئی ہے۔
نیب عدالتوں کے قیام کیلئے چالیس کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ اور خیبر پختونخوا کے ہیلی کاپٹر کے سپیئرپارٹس کیلئے تین کروڑ کی ضمنی گرانٹ بھی منظور کرلی گئی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس وزیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت ہوا جس میں ای سی سی کے دیگراراکین نے بھی شرکت کی۔
ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق وزارت تجارت نے خام مال سمیت مختلف قسم کی 152اشیاء پر دوفیصد اضافی کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی سمری پیش کی جس کی ای سی سی نے منظوری دے دی تاہم ہدایت بھی کی گئی کہ اس بجٹ سائیکل کی مانیٹرنگ کی جائے۔
ای سی سی نے خیبر پختونخوا کیلئے اضافی دولاکھ ٹن،آزاد کشمیر کیلئے 80ہزار ٹن اور یوٹیلٹی سٹورز کیلئے 2لاکھ 20ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دی جو پاسکو کے گوداموں سے دی جائے گی جبکہ ای سی سی نے اضافی گندم کی درآمد کی بھی منظوری دی تاکہ نئی فصل آنے تک ذخائر کو مستحکم رکھا جاسکے۔
نیشنل فریٹ اینڈ لاجسٹک پالیسی سے متعلق سمری آئندہ اجلاس تک ملتوی کردی گئی۔
وزارت قانون و انصاف کیلئے چالیس کروڑروپے کی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی تاکہ سپریم کورٹ کے حکم پراضافی عدالتیں قائم کی جاسکیں ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلئے بھی 2.268ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔