اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نومبر، دسمبر میں ہماری برآمدات کے مقابلے میں بھارت اور بنگلہ دیش کی برآمدات منفی رہیں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم نے بتایا کہ علاقائی برآمدات کے رجحان سے متعلق اعداد و شمار موصول ہوئے ہیں جن سے پتہ چلا ہے کہ 2020 کے ماہ نومبر اور دسمبر میں بھارت اور بنگلہ دیش کی برآمدات منفی رہیں جبکہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔ اس کامیابی پر وزارت تجارت اور برآمد کنندگان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان کی طرف سے شیئر کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق سال 2020 کے آخری دو مہینوں میں سے نومبر میں پاکستانی برآمدات میں 8.32 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی عرصے میں بھارت کی برآمدات میں 9.07 فیصد کمی دیکھی گئی اسی طرح دسمبر کے مہینے میں پاکستان کی برآمدات میں 18.30 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا جب کہ اسی عرصے میں بھارت کی برآمدات 0.80 فیصد اور بنگلہ دیش کی برآمدات میں 6.11 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔