خیبر پختونخوا حکومت کا گیس سے محروم پہاڑی اضلا ع کیلئے بڑا فیصلہ

پشاور:خیبر پختونخواحکومت نے صوبہ کے گیس سے محروم پہاڑی اضلاع کے باشندوں کو ایل پی جی کی فراہمی کافیصلہ کیاہے جس کے لیے محکمہ توانائی وبرقیات میں ایل پی جی مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے نام سے الگ شعبہ قائم کردیاگیاہے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں گیس کی پیداوار 490ایم ایم سی ایف ڈی ہوچکی ہے جو قومی پیداوار کا12فیصد بنتاہے مگر صوبہ کی صرف 8فیصد آبادی کوہی پائپ لائن کے ذریعہ گیس کی سہولت حاصل ہے جس کی وجہ سے پہاڑی علاقوں کے جنگلات پر دباؤ بڑھ رہاہے۔

وزیر اعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اب صوبائی حکومت نے صوبہ کے دوردراز علاقوں میں ایل پی جی کلچر کو پروان چڑھانے کافیصلہ کیاہے جس کے تحت صوبہ کے شمالی اور قبائلی اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

 محکمہ توانائی میں قائم خصوصی شعبہ فعال کیاجارہاہے جس کے نتیجہ میں 32ہزارخاندانوں کے ایل پی جی سے مستفید ہونے کاامکان ہے جس سے نہ صرف توانائی کی ضروریات پوری ہوسکیں گی بلکہ جنگلات وماحولیات کے تحفظ کو بھی یقینی بنایاجاسکے گا۔

ساتھ ہی روزگارکے مواقع بھی میسر آسکیں گے اس حوالہ سے صوبائی مشیر توانائی حمایت اللہ خان نے رابطہ پر بتایاکہ یہ منصوبہ پورے ملک کے لیے ایک مثال بن کرسامنے آئے گا توانائی کی ضروریات پور ی ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیات وجنگلات کے تحفظ کی صورت میں شعبہ سیاحت کو استحکام بھی مل سکے گا