پشاور:خیبرپختونخوااسمبلی نے صوبے میں ڈیجیٹل کرنسی یعنی کرپٹوکرنسی کے نفاذ کیلئے قانون سازی کامطالبہ کیاہے اورحکومت پرزوردیاہے کہ ماہرین انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اراکین اسمبلی پرمشتمل ایک خصوصی کمیٹی اس مقصد کیلئے تشکیل دی جائے۔
صوبائی اسمبلی اجلاس میں پی ٹی آئی کی رکن سمیراشمس نے قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے ٹیکنالوجی اورڈیجیٹلائزیشن کیلئے کئے جانیوالے اقدامات قابل ستائش ہیں۔
کرپٹوکرنسی کیلئے تمام وسائل کابروئے کارلاناوقت کی ضرورت ہے اس متعلق ایک قراردادپہلے بھی منظورکی جاچکی ہے۔
صوبائی حکومت سے سفارش کی جاتی ہے کہ ڈیجیٹل کرنسی یعنی کرپٹوکرنسی کے نفاذ کیلئے اراکین صوبائی اسمبلی،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین اور شعبہ سائنس اینڈٹیکنالوجی کے انتظامی افسران پرمشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ وہ کرپٹوکرنسی کے نفاذکیلئے مشترکہ طو رپر قانون سازی کرسکے۔
ایوان نے قراردادکی متفقہ طور پر منظوری دیدی۔