پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے دوران ملازمت فوت ہونے والے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی بیواؤں کی پنشن ختم کرنے کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہے صوبائی حکومت بیواؤں کی پنشن ختم کرنے یا پنشن لینے کے لیے 70 یا 75 سال کی عمر کی حد مقرر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے دوران ملازمت فوت ہونے والے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی بیواؤں کی پنشن ختم کرنے کی خبروں کی ترید کی۔
تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ پنشن کے نظام میں اصلاحات ضروری ہیں جن کا مقصد موجودہ اور مستقبل میں آنے والے سرکاری ملازمین کی پنشن کو محفوظ بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خود ساختہ اور گمراہ کن خبریں عوامی مفاد میں ہونے والی اصلاحات کے حوالے سے شکوک وشبہات پیدا کرتی ہیں۔