کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قدر میں تیزی سے کمی ریکارڈ

دنیا بھر کی سب سے معروف کرپٹو کرنسی بٹ کوائن مارچ 2020 کے بعد رواں ہفتے تیزی سے اپنی قدر کھوتے ہوئے 15 فیصد تک کم ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بٹ کوائن ایشیائی سیشن میں 30 ہزار ڈالر پر مستحکم رہنے کے بعد 5 فیصد تک کم ہوکر 28 ہزار 800 ڈالر کا ہوگیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ 2020 میں بٹ کوائن نے اچانک 33 فیصد تک اپنی قدر کھوئی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بٹ میکس ریسرچ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بٹ کوائن کا کچھ حصہ دو مرتبہ خرچ ہوا جس سے ٹیکنالوجی پر اعتماد میں کمی آئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بٹ کوائن حالیہ دنوں میں تیزی سے بڑھا تھا جس کے بعد اس کی واپس نیچے آنے کی امید کی جارہی تھی۔

رپورٹ کے تناظر میں میلبورن میں آئی جی مارکیٹس کے تجزیہ کار کائیل روڈا نے کہا کہ 'آپ کسی ایسے بازار میں زیادہ سے زیادہ معقولیت کا تقاضا نہیں کرنا چاہیں گے جو بٹ کوائن کی طرح ناقابل عمل اور نئی ہو کیونکہ یقینا اس میں پلٹنے کی صلاحیت ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'لوگوں نے شاید اس کی طرف دیکھا اور سوچا کہ یہ خوفناک اور حیران کن لگ رہا ہے اور اب اسے فروخت کرنے کا وقت آگیا ہے'۔

دوسری جانب کرپٹو کرنسی ایتھریم بھی ایک ہفتے کی کم ترین سطح ایک ہزار 41 ڈالر 22 سینٹ پر آنے کے بعد بحالی کی جانب جاتے ہوئےایک ہزار 144 ڈالر پر مستحکم ہوگئی ہے۔