اسلام آباد: ملائیشیا میں ضبط کیا گیا قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ پاکستان کے حوالے کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اور لیزنگ کمپنی کے درمیان معاملات طے پاگئے جس کے بعد باہمی رضامندی سے ملائیشین عدالت میں درج کیس خارج ہوگیا ہے اور ضبط کیا گیا طیارہ قومی ایئر لائن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے طیارے کی پاکستان کو حوالگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا جہاز کے عملے کو ملائیشیا روانہ کیا جائے گا اور اگلے دو روز میں طیارے کو پاکستان واپس لایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ طیارے کو دوبارہ مسافر طیارے کے طور پر ہی آپریٹ کیا جائے گا۔