اے ڈی بی کی پاکستان کیلئے مزید 10 ارب ڈالر قرضہ پروگرام کی منظوری

 ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 10 ارب ڈالر کے قرضہ پروگرام کی منظوری دیدی۔ یہ رقم 5 سال کے دوران  فراہم کی جائے گی۔

اے ڈی بی کے قرضہ پروگرام کا مقصد کورونا کے نتیجے میں درپیش معاشی و سماجی چیلنجوں اور ساختیاتی نقائص سے نمٹنے میں پاکستان کو سہارا دینا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک قرض کی رقم  2021  تا 2025  کے دوران فراہم کرے گا۔ قرضہ پروگرام کے 6.3 ارب ڈالر بینک آئندہ 3 برس میں منظور کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے تاہم قرضہ  پروگرام کی رقم کی منظوری اور اجرا کا انحصار پاکستان کی شرائط کی تکمیل اور  قرضہ دستاویزات بروقت پروسیس کرنے کی اہلیت پر ہوگا۔

مجموعی قرض کا ایک چوتھائی 2 فیصد  کی رعایتی شرح سود پر ہوگا جب کہ قرض کی باقی رقم پر پاکستان کو لندن انٹربینک آفرڈ  ریٹ ( لائبور)  جمع 0.5 فیصد ادا کرنا ہوگا۔ 3 سال کے دوران فراہم کیے جانے والے  6.3 ارب ڈالر کے قرض میں سے 4.6 ارب ڈالر نسبتاً مہنگا قرض ہے جس پر لائبور جمع 0.5 فیصد ادا کرنا ہوگا۔

اے ڈی بی کی پریس ریلیز کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی صدر Xiaohong Yan نے کہا کہ حکومت پاکستان نے  آئی ایم ایف کے جاری قرضہ  پروگرام  پر مضبوط کمٹمنٹ ظاہر کی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ  نئی اسٹریٹجی کا نقطہ ارتکاز اصلاحات کو فزیکل اور سوشل انویسٹمنٹ کے ساتھ مربوط کرنا ہے تاکہ ایک پائیدار  ترقیاتی اثر برقرار رہ سکے۔

بینک کے ڈائریکٹر جنرل  برائے  وسطی و مغربی ایشیاEugene Zhukov کا کہنا تھا کہ خطے کے بہت سے ممالک کی طرح کووڈ 19سے پاکستان بھی متاثر ہوا ہے۔ لون پروگرام سے  پاکستان کو سماجی و معاشی مسائل اور ساختیاتی چیلنجوں  سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔