چین سے کورونا ویکسین کی پاکستان منتقلی کا پلان تبدیل

اسلام آباد: چین سے کورونا ویکسین کی پاکستان منتقلی کا پلان تبدیل کردیا گیا ہے جس کے تحت اب اس کے لیے پی آئی اے کی جگہ پاک فضائیہ کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق چین کی جانب سے عطیہ کی گئی کورونا ویکسین کو پاکستان لانے کے تمام انتظامات مکمل ہیں اور این سی او سی کی منظوری کے بعد خصوصی طیارہ کل چین بھیجا جائے گا تاہم اب اس سلسلے میں پہلے سے تیار کئے گئے پلان میں تبدیلی کی گئی ہے اور اس سلسلے میں پی آئی اے کی جگہ پاک فضائیہ کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔

نئی حکمت عملی کے تحت پاک فضائیہ کا آئی ایل 78 طیارہ ویکسین لانے کے لئے نور خان ایئربیس سے چین جائے گا۔

 کورونا ویکسین یکم فروری کو پاکستان پہنچے گی جبکہ پہلی کھیپ میں کورونا ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں خصوصی کنٹینر میں پاکستان لائی جائیں گی۔

ویکسین کی منتقلی کے لیے کنٹینر، کولڈ باکسز اور ڈرائی آئس وغیرہ ای پی آئی اور این ڈی ایم اے فراہم کرے گی۔

 کورونا ویکسین ای پی آئی کے مرکزی کولڈ اسٹور میں ذخیرہ ہو گی،اور ای پی آئی سے کورونا ویکسین صوبوں کو روانہ کی جائے گی۔