صحت کارڈ، تشویشناک مریضوں کیلئے ہسپتالوں کو اہم ہدایت 

پشاور: خیبرپختونخواکے شہریوں کے لئے ایمرجنسی میں صحت کارڈپر علاج کے لئے ملک بھر کے تمام ہسپتالوں کو بغیر کاغذی کاروائی اور اجازت نامے کے فوری طورپرعلاج شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق شناختی کارڈ پر خیبرپختونخوا کا مستقل پتہ رکھنے والے شہریوں کو ایک ضلع سے دوسرے ضلع یا دوسرے صوبے میں علاج کے لئے ریفرل لیٹریا انشورنس کمپنی کا اجازت نامہ لے جانا یا حاصل کرنا لازمی ہوتا ہے۔

اس ریفرل لیٹر کے بغیر دوسرے ضلع یا دوسرے صوبے کے ہسپتالوں میں مریض کا علاج شروع نہیں ہوتا۔

تاہم اب متعلقہ حکام نے صحت کارڈ پینل پر موجود350سے زائد ہسپتالوں جن میں کراچی‘لاہور‘راولپنڈی اور اسلام آباد کے ہسپتال بھی شامل ہیں ان کو ہدایت کی گئی ہے کہ حادثات‘دل کے دورے‘برین ہیمبرج اور دیگر ایمرجنسیز میں اجازت نامے یا ریفرل لیٹر کا انتظار کئے بغیر صرف شناختی کارڈ پر خیبرپختونخواکا موجودہ پتہ رکھنے والے شہریوں کا علاج فوری شروع کردیا جائے تاکہ ان کی جان بچ سکے۔

حکام کے بعد کاغذی کاروائی بعد میں کی جائے گی کسی شہری کی جان بچانا ان کی اولین ترجیح ہے۔