اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا سے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ کویکس کی طرف سے کورونا ویکسین کی وصولی کا خط موصول ہوا ہے۔
فروری سے پاکستان کو 60 لاکھ ویکسین کی فراہمی کا عمل شروع ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ مارچ تک پاکستان کو یہ ویکسین فراہم کردی جائے گی۔
رواں سال کے وسط میں ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین کی خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔8 ماہ قبل کویکس کے ساتھ ویکسین کی دستیابی کے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔
اس سے قبل میڈیارپورٹس کے مطابق چین سے 5 لاکھ ویکسین پاکستان لانے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، کورونا ویکسین لانے کا پلان تبدیل کر لیا گیا ہے، ویکسین پاکستان لانے کیلئے پی آئی اے کی جگہ ائیر فورس کی خدمات حاصل کر لی گئیں۔
پہلی کھیپ میں کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں آئیں گی، پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ کورونا ویکسین پاکستان لائے گا، پاک فضائیہ کا آئی ایل 78 طیارہ ویکسین لانے کیلئے چین جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق کنٹینر، کولڈ باکسز، ڈرائی آئس ای پی آئی، این ڈی ایم اے فراہم کرے گی، کورونا ویکسین ای پی آئی کے مرکزی کولڈ سٹور میں زخیرہ ہو گی، ای پی آئی سے کورونا ویکسین صوبوں کو روانہ کی جائے گی۔