خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا صورتحال کے تحت ٹیکس رعایتوں میں 28 فروری تک توسیع دے دی ۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ٹیکس رعایات کی مدت میں توسیع کورونا کی صورت حال کے پیش نظر کی گئی ہے، جس کا باقاعدہ اعلان وزیر اعلیٰ محمود خان کے معاون خصوصی غزن جمال نے کیا۔
وزیر اعلیٰ محمود خان کے معاون خصوصی غزن جمال کے مطابق ٹیکس دہندگان کومالیاتی بل 2021 میں تاریخ کی سب سے بڑی رعایت دی گئی ہے، جس میں 8 میں سے 4 ٹیکسوں کو مکمل طور پر ختم کیا گیا جب کہ کوئی بھی نیا ٹیکس لاگو نہیں کیا گیا نہ ہی ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پراپرٹی ٹیکس دہندگان کو تاریخ کی سب سے بڑی ریلیف دی گئی ہے، پراپرٹی ٹیکس میں 50 فیصد تک رعایت دی گئی ہے جب کہ وہ ٹیکس دہندگان جو 5 سال سے باقاعدہ ٹیکس جمع کراتے رہے ہیں انہیں مزید ریلیف بھی دیا گیا ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نادہندگان کو ٹیکس دھارے میں لانے کے لئے خصوصی پیکجز کا اعلان کیا گیا ہے اور پچھلے مالیاتی بل میں کئے گئے 10 فیصد اضافے کو واپس لے کر امسال 50 فیصد رعایتی نرخ لاگو کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروبار کی ترویج کے لئے پراپرٹی ٹیکس کو رینٹل ویلیو سے دوبارہ پیمائش پر لایا گیا ہے جس سے کاروباری طبقے پر کم سے کم ٹیکس لاگو ہو گا۔
معاون خصوصی کے مطابق صنعتوں کے فروغ کے لئے رینٹل ویلیو ختم کرکے فلیٹ 2 پر لایا گیا ہے جبکہ تاریخ میں پہلی بار لگ بھگ ٹیکس کی ادائیگی اور قسطوں میں ادائیگی کے لئے خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ ٹیکس دہندگان کیلئے نیا ٹیکس کیلکولیٹر محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا گیا ہے ۔
غزن جمال نے کہا کہ ماضی میں کاروباری افراد کے لئے ٹیکس رعایات مالی سال کے پہلے 3 ماہ کے لیے دی جاتی تھیں لیکن اب اس سے بڑھا دیا گیا ، ان کی ٹیکس دہندگان سے اپیل ہے کہ ٹیکس بروقت ادا کرکے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔