یوٹیلیٹی اسٹورز: آٹے چینی کی مد میں اربوں روپے کی بے ضابطگی کا انکشاف

یوٹیلیٹی اسٹورز کی آڈٹ رپورٹ میں آٹے اور چینی کی مد میں 14 ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگی کا انکشاف ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے 2019-20 کے کھاتوں کے آڈٹ میں آٹے چینی کی مد میں 14 ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، جس کی رپورٹ تیار کرلی گئی جو آڈیٹر جنرل کو پیش کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق ڈیفالٹر شوگر ملوں سے مہنگی چینی خریدنے سے 15 کروڑ روپے کا نقصان ہوا جبکہ دیگر اشیاء کی خرید و فروخت میں 32 کروڑ روپے کی بدعنوانی کی نشاندہی بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔

رپورٹ کے متن کے مطابق چینی، آٹے کی خریداری میں دو ارب 60 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔