وزیر اعظم عمران خان نے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اپنی معاشی ٹیم کوغریب طبقات پر ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق آج پیر کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، مشیران عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر،معاونین خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود، ندیم بابر، تابش گوہر اور سینئر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں احساس پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو ٹارگیٹڈ سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کا مفاد اور انکو ہرممکنہ ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کی وجہ سے غریب عوام سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ سب سے زیادہ غریب طبقات پر پڑتا ہے لہذا بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیر اعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ درآمد شدہ کھانے پینے کی مختلف اشیا پر عائد ٹیکسز میں کمی لانے کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی جائیں تاکہ عوام بالخصوص غریب اور مڈل کلاس کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔