اسلام آباد:نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 83 پیسے فی یونٹ مزید اضافہ کی منظوری دے دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے بجلی کی قیموں میں ایک بار پھر اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے، نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 83 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی ہے تاہم اضافے کا اطلاق حکومت کی جانب سے نوٹی فیکیشن جاری ہونے کے بعد ہوگا۔
نیپرا کی جانب سے بجلی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سہ ماہی بنیادوں پرکیا گیا اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ 2019-20 کےلیے ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔
نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ایک سال کےلیے کیا گیا ہے جس صارفین پر84 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا تاہم کے الیکڑک اورلائف لائن صارفین اضافے سے مستثنٰی رہیں گے۔