کراچی:انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر روپے کی بہ نسبت ساڑھے 3ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔
رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام جلد بحال ہونے کی خبروں اور پاکستان کی جانب سے تقریبا 2ارب ڈالر مالیت یوروبانڈز کے اجراء جیسے عوامل کے باعث گزشتہ ہفتے انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی نسبت امریکی ڈالر کی قدر ساڑھے3ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں گزشتہ ہفتے سے ہی تنزلی کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ گزشتہ 7ماہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ماہوار بنیادوں پر 2ارب ڈالر سے زائد کی آمد ہورہی ہے اور اسکے ساتھ ہی ملکی برآمدات کا حجم بھی بتدریج بڑھ رہاہے اور گزشتہ 7ماہ میں برآمدات 5تاساڑھے 5فیصد بڑھ چکی ہے جس سے ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا ہوتاجارہاہے۔
بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں ممکنہ طور پر مزید اضافے سے روپے کی نسبت ڈالر کی قدر کو تنزلی کاسامنا رہا جب کہ پاکستان کی آئی ایم ایف پروگرام میں جلد شمولیت کے بعد پاکستان کی عالمی مارکیٹ میں تقریبا 2ارب ڈالرکے یوروبانڈز کے اجراء کی خبریں بھی ڈالر کی قدر پر اثرانداز ہوئیں۔
ہفتہ وار کاروبار میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر1.17روپے گھٹ کر158.81 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 90پیسے گھٹ کر159.20 ہوگئی۔ اسکے برعکس برطانوی پاونڈ کے انٹربینک ریٹ 1.54روپے بڑھ کر218.91 روپے ہوگئی اور اوپن مارکیٹ میں بھی برطانوی پاونڈ کی قدر 2روپے بڑھ کر219.50 روپے ہوگئی۔
انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر31پیسے بڑھ کر192.26 روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر بغیرکسی تبدیلی کے 192.50 روپے پر مستحکم رہی۔ انٹربینک میں سعودی ریال کی قدر 31پیسے گھٹ کر 42.34 روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 35پیسے گھٹ کر 42.20 روپے ہوگئی۔