ملک میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ ریکاڈ کیا گیا، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح 0.81فیصد بڑھ گئی۔
وفاقی ادارہ برائے شماریات کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 0.81 فیصد بڑھ کر مجموعی طور پر 9.17 فیصد ہو گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران آٹا، چینی، چکن، دال، ویجی ٹیبل گھی،کوکنگ آئل، سمیت 24 اشیائے ضروریہ مہنگی ، آلو، پیاز، ٹماٹر، لہسن گڑ اور ایل پی جی سمیت6 اشیا سستی اور21 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔
ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر گذشتہ ہفتے چکن کی قیمت میں5.37 فیصد، سرخ مرچ پاوڈر1.81فیصد، ویجی ٹیبل گھی1.22 فیصد، دال چنا 1.36، درجن انڈے کی قیمتوں میں4.86 فیصد، کلو چینی 3.74فیصد،آٹے کی قیمتوں میں 2.52 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں1.15فیصد، اورواشنگ سوپ کی قیمتوں میں1.50فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق چینی اور آٹے کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کا سلسلہ شروع ہو گیا، ایک ہفتے میں چینی کی اوسط قیمت 3 روپے 37 پیسے فی کلو بڑھ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق چینی کی اوسط قیمت بڑھ کر 93 روپے 59 پیسے فی کلو ہوگئی جبکہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 23 روپے 88 پیسے مہنگا ہوگیا ،اور 20 کلو تھیلے کی قیمت بڑھ کر 970 روپے ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ ٹماٹر 7 روپے 50 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ آلو ایک روپے 47 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 34 روپے 20 پیسے سستا ہوا۔ پیاز 64 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ گذشتہ ہفتے لہسن اور گڑ بھی سستا ہوا۔ جبکہ 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔