پشاور:مرکزی حکومت کی طرف سے رواں مالی سال کے دوران وفاقی محاصل میں صوبوں کے حصوں سے پھر کٹوتی کرلی گئی ہے۔
ساتویں مالیاتی ایوارڈ کے تحت پہلی ششماہی میں گذشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں صوبوں کے حصہ سے مجموعی طورپر 47ارب روپے کاٹ لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کو مجموعی طورپر تیرہ ارب روپے جبکہ سندھ کو دس ارب روپے کم ملے ہیں اسی طرح خیبرپختونخوا کے حصہ سے نو اور بلوچستان کے حصہ سے پندرہ ارب روپے کی کٹوتی کی گئی ہے۔
گذشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران صوبوں کو این ایف سی کی مد میں مجموعی طورپر 1325ارب روپے ملے تھے جبکہ روا ں مالی سال کی پہلی ششماہی جولائی تا دسمبر کے دوران صوبوں کو کل 1281ارب روپے کاحصہ ملاہے۔
پنجاب کو 634ارب روپے کے مقابلہ میں 621،سندھ کو 327کے مقابلہ میں 319خیبرپختونخواکو 214کے مقابلہ میں 205ارب جبکہ بلوچستان کو 148کے مقابلہ میں 133ارب روپے ملے ہیں