کورونا ویکسین ، 65 برس سے زائد عمر کے افرادکی رجسٹریشن کا اعلان 

اسلام آباد: وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کورونا ویکسین رجسٹریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن کے لیے شناختی کارڈ نمبر لکھ کر1166 پر میسیج کریں۔ ان شاءاللہ 65 برس اور زائد عمر والوں کو کورونا ویکسین مارچ میں لگے گی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 65 سال سے زائد عمر والوں کو کورونا ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن اسی ہفتے شروع ہو رہی ہے، تمام طبی عملے کی رجسٹریشن بھی اسی ہفتے شروع ہو گی۔

وفاقی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 60 سال سے زائد عمر والوں کی تعداد 85 لاکھ کے قریب ہے اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو برطانوی ویکسین ایسٹرازینیکا لگائی جائے گی۔

وزارت صحت کے حکام کے مطابق تمام طبی عملے کی تعداد 12 لاکھ کے قریب ہے جبکہ پاکستان کو برطانوی ویکسین ایسٹرازینیکا کی 70 لاکھ ڈوزز مارچ کے وسط تک متوقع ہیں۔

حکام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایسٹرا زینیکا کی 1 کروڑ 70 لاکھ ڈوزز جون تک مل جائیں گی۔