پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تجویز مسترد

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے وزیرِ اعظم عمران خان نے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں مجوزہ اضافے کی تجویز مسترد کر دی۔

 اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 14.07روہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13.61 روپے، کیروسین (مٹی کے تیل کی قیمت میں 10.79روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7.43 روپے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔

 عوامی فلاح و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیرِ اعظم نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی تجویز منظور نہیں کی۔وزیرِ اعظم کا کہناہے کہ حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر حد تک جائے گی۔

 قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ گندم پر اٹھنے والے انتظامی اخراجات کے ہر پہلو کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور ایسا نظام وضع کیا جائے کہ اخراجات کی مد میں غیر ضروری طور پر اٹھنے والے ہر ایک روپے کی بچت کی جائے تاکہ عوام کو کسی بھی غیر ضروری بوجھ سے بچایا جا سکے۔

 وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار پیر کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ درآمد شدہ گھی وغیرہ پر ٹیکسوں کے حوالے سے خطے کے دیگر ممالک کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔

اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے اوگرا کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات پر بھی غور کیا گیاتاہم وزیراعظم نے سفارشات کو مسترد کردیا۔وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ ان کی اولین ترجیح غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

 وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ عوام پر پڑنے والے بالواسطہ ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی لانے کے حوالے سے آؤٹ آف باکس سلوشن تجویز کیے جائیں تاکہ جہاں غریب افراد پر پڑنے والے بالواسطہ ٹیکسوں کے بوجھ کو کم کیا جا سکے وہاں اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ملک کی آمدن و اخراجات میں توازن برقرار رکھا جا سکے اور ملک کو مزید قرضوں کی دلدل میں جانے سے بچایا جا سکے۔