ایک بٹ کوائن کی قیمت 80لاکھ روپے سے بھی زائد ہوگئی

دنیا بھر میں مقبول کرپٹو کرنسی بٹ کوائن نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے اور ایک بٹ کوائن کی قیمت 50 ہزار ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

چند روز قبل دنیا کے امیر ترین شخص ایلن مسک کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے بتایا کیا تھا کہ انہوں نے جنوری 2021 میں ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی خریدی ہے۔

ٹیسلا کے اعلان کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور ایک بٹ کوائن 44 ہزار ڈالر کی حد کو چھو گیا۔

اب کرپٹو کرنسی نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے اور ایک بٹ کوائن کی قیمت 50 ہزار ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی ہے یعنی پاکستانی کرنسی میں ایک بٹ کوائن کی قیمت 80 لاکھ روپے سے زائد ہو گئی ہے۔

منگل کے روز  ٹریڈ کے دوران ایک بٹ کوائن کی قیمت 50 ہزار 191 ڈالر تک پہنچ گئی تھی، رواں برس بٹ کوائن کی قیمت میں 73 فیصد اضافہ دیکھا جا چکا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس کی آخری سہہ ماہی میں بٹ کوائن کی قیمت میں 140 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا اور ایک کوائن 29 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا تھا جبکہ چند روز قبل ہی بٹ کوائن کی قیمت 40 ہزار ڈالر تک پہنچی تھی۔  

چند روز قبل ایک انٹرویو میں ایلن مسک نے امید ظاہر کی تھی کہ دنیا بھر میں جلد ہی بٹ کوائن کو کرنسی کے طور پر تسلیم کر لیا جائے گا اور سرمایہ کار تجارتی معاملات کے لیے کرپٹوکرنسی کو قبول کرلیں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ٹیسلا کی جانب سے بٹ کوائن میں سرمایہ کاری گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔