گزشتہ 3 ماہ کے دوران ایک روز میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی سب سے کم تعداد گزشتہ روز 16 اموات ریکارڈ کی گئی ہے تاہم ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد اب بھی 24 ہزار سے زائد ہے۔ جن میں 1 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 313 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے ایک ہزار160 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 24 ہزار 226 ہوگئی ہے۔ جن میں 1 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 16 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 12 ہزار617 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 72 ہزار 334 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 35 ہزار491 ہوگئی ہے۔