اسلام آ باد:اسلامی ترقیاتی بینک کے ماتحت ادارے انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن نے پاکستان کیساتھ 1.1 بلین ڈالر کی فراہمی کے سالانہ پلان کی منظور ی دے دی جبکہ وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ 1.1 بلین ڈالر آنے سے فارن ریزرو کو تقویت ملے گی۔
فنانسگ معاہدہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے کا پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے، حکومت کی معاشی پالیسیوں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، کورونا سے متاثر معیشت بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔
بدھ کو وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کے ماتحت ادارے انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن کا پاکستان کیساتھ 1.1 بلین ڈالر کا سالانہ پلان منظور ہو گیا ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی،یہ سہولت رواں سال پی ایس او، پارکو اور پی ایل ایل کو تیل و گیس کی درآمد میں تعاون فراہم کرے گی۔
آئی ٹی ایف سی پاکستان کا اہم مالیاتی پارٹنر رہا ہے، سی ای او حانی سلیم نے کہا کہ پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رہے گا۔