پی آئی اے کا ازبکستان تک پروازیں شروع کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد:پی آئی اے نے وسطی ایشیائی ممالک میں اپنے آپریشن کو وسعت دینے کے لیے ازبکستان تک پروازیں شروع کرنے کافیصلہ کرلیا۔

پی آئی اے نے لاہور تا تاشقند پروازیں شروع کرنے کیلئے باضابطہ اجازت مانگ لی۔

جمعرات کو سی ای او پی آئی اے ارشد ملک، پاکستان میں ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف اور ازبکستان میں پاکستانی سفیر جناب سید علی اسد گیلانی کے مابین مذاکرات ہوئے۔

سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کی تاشقند پروازیں شروع کرنے کیلئے کوششیں تیزکرتے ہوئے پی آئی اے نے لاہور تا تاشقند پروازیں شروع کرنے کیلئے باضابطہ اجازت مانگ لی۔

 سی ای او پی آئی اے نے کہاکہ پی آئی اے مارچ کے آخر میں پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ازبکستان کے شہر تاشقند، بخارا اور سمرقند مذہبی سیاحت کیلئے کافی اہمیت رکھتے ہیں دونوں سفیر محترام نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین فضائی روابط بڑھانے میں اپنا پورا کردار ادا کرنے کا عندیہ دیا۔

واضح رہے کہ پی آئی اے افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک میں اپنے آپریشن کو وسعت دے رہا ہے 4 مارچ سے کابل کیلئے پانچویں پرواز جبکہ 14 مارچ سے لاہور تا باکو(آذربائیجان) کی پروازیں شروع کی جارہی ہیں تاشقند اور بشکیک(کرغستان) پروازیں پی آئی اے کے منصوبے کا حصہ ہیں۔