خیبر پختونخوا کی دو صنعتی بستیاں پراپرٹی ٹیکس سے مستثنیٰ 

 

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال سے حیات آباد صنعتی بستی اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کوہاٹ روڈ پشاور کوپراپرٹی ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کا اعلان کر دیا۔

یہ اعلان وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید غازی غزن جمال نے سرحد چیمبر کے دور ے کے موقع پر بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ڈبل ٹیکسیشن کے خاتمہ کے لئے بھی متعلقہ تمام اداروں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے تاکہ بزنس کمیونٹی کو ڈبل / ٹرپل ٹیکسوں کی ادائیگیوں سے مکمل نجات دلائی جاسکے۔

غزن جمال نے کہاکہ صوبائی حکومت آئندہ مالیاتی سال سے فنانس بل کے ذریعے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کوہاٹ روڈ پشاورکو ہر قسم کے پراپرٹی ٹیکس سے مستثنیٰ کردیا جائے گا ۔ 

ان کا کہناتھا کہ بزنس کمیونٹی کے دیرینہ مطالبہ پر پراپرٹی ٹیکس کو رینٹل ویلیو کی بجائے پیمائش کے تحت ٹیکس ادا کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔ 

انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں صنعتی ترقی کے فروغ ¾ سرمایہ کاروں اور تاجروں کو سہولیات اور مراعات دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔