مہنگائی اضافہ،ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ جاری

ملک میں حالیہ ہفتے  گھی، آٹا، چینی،سمیت 25  اشیاء ضروریہ کی قیمتیں مزید  بڑھنے سے مہنگائی کی شرح میں 2 اعشاریہ 41 فی صد  اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی پر رپورٹ جاری کر دیہے اور یوں مہنگائی میں اضافے کا یہ مسلسل چھٹا ہفتہ ہے۔

ادارہ شماریات کے حالیہ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق  گھی، آٹا، چینی، دالیں، چاول، چکن، گوشت، صابن، دودھ سمیت 25 اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں۔  اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھنے سے حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 2 اعشاریہ 41 فی صد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 5 روپے 13 پیسے مہنگا ہوا،چنے کی دال کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی کلو اضافہ ہوا، اوسط قیمت 192 روپے 80 پیسے ہو گئی۔ چینی کی اوسط قیمت 8 پیسے بڑھ کر 94 روپےفی کلو ہو گئی۔

ایک ہفتے میں چکن 5 روپے 25 پیسے مہنگا ہو گیا۔ جبکہ اوسط قیمت 250 روپے 28 پیسے فی کلو ہو گئی، انڈے کی فی درجن قیمت ایک روپے تک بڑھی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں مونگ کی دال 78 پیسے اور مسور کی دال 12 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ سرسوں کا تیل 3روپے77 پیسے مہنگا ہوا ہے، گوشت، آلو، لہسن، خشک دودھ اور صابن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، ٹماٹر 2 روپے، پیاز 91 پیسے فی کلو اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 30 روپے 41 پیسے سستا ہوا۔ جبکہ ایک ہفتے کے دوران 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔