استعمال شدہ کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس کی قیمتوں میں 40فیصد سے زائد اضافے کاخدشہ

کراچی:ملک بھر میں استعمال شدہ کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس کی قیمتوں میں 40فیصد سے زائد اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے 

 ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز ویلیو ایشن کی جانب سے استعمال شدہ درآمدی کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، پرنٹر، سرور، یو ایس بی، وی جی اے کیبلز، بیٹری اور چارجرز کی نئی ویلیوایشن رولنگ کے تحت 30 سے 40 فیصد کی ادائیگیوں کے باعث درآمد شدہ یوزڈ کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس کی قیمتوں میں بھی 40 فیصد سے زائد اضافے کا امکان ہے۔


نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ کسٹمز کی جاری کردہ نئی ویلیوایشن رولنگ نمبر 1519 کے مطابق استعمال شدہ کمپیوٹر اور لیپ ٹاپس کی کلیئرنس پر درآمد کنندگان کو ڈیوٹی و ٹیکسز کی مد میں 30 سے 40 فیصد کی زائد ادائیگیاں کرنا پڑیں گی جس کے باعث ان کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوجائے گا۔

 اس عمل سے کم آمدنی کے حامل طلبہ وطالبات اور چھوٹے پیمانے پر آن لائن کاروبار کرنے والوں کے لیے مشکلات میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔

ویلیوایشن رولنگ کے تحت استعمال شدہ لیپ ٹاپ پر 70 سے 150 ڈالر ڈیوٹی عائد کردی گئی ہے جبکہ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے استعمال شدہ سی پی یو پر 25 سے 60 ڈالر ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔ کمپیوٹر مانیٹر پر 2 سے ڈھائی ڈالر، اسکینر پر 25 ڈالر، ڈاٹ میٹرکس پرنٹر پر 20 ڈالر، کمپیوٹر سرور پر 300 ڈالر ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔