اسلام آباد: ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں حالیہ ہفتے چینی کی اوسط فی کلو قیمت 98روپے 36پیسے پر پہنچ گئی اور ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 2روپے 6پیسے اضافہ ہوا جبکہ آلو کی فی کلو قیمت 89پیسے، تازہ دودھ ایک روپے 45 پیسے، دہی ایک روپے 37پیسے فی کلو اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 9 روپے 76پیسے مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق دال ماش کی فی کلو قیمت میں 2 روپے اور دال چنا 74 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جب کہ ایک ہفتے کے دوران انڈے 16روپے 38پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.57فیصد کمی ہوئی جس کی بڑی وجہ لہسن 15روپے 12پیسے فی کلو سستا ہوا جب کہ چکن کی فی کلو قیمت میں 7روپے 81پیسے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 31روپے 29پیسے سستا ہوا، گھی سمیت 26اشیا ضروریہ مہنگی ہوئیں اور 7اشیا کی قیمتوں میں کمی جب کہ 18میں استحکام رہا اور ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 13.48فیصد پر آگئی۔