اسلام آباد: رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے منافع جات کی مد میں اپنے ممالک کو منتقلی ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کیمطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری کے دوران منافع جات کی منتقلی میں 8فیصد اضافہ ہوا۔
اس دوران غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے 1.025ارب ڈالر بیرون ملک بھجوائے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا جنوری کے دوران 947ملین ڈالر کے منافع جات وغیرہ بیرون ملک بھجوائے گئے تھے۔ اس طرح منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 78 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں برطانوی سرمایہ کاروں نے سب سے زیادہ یعنی 362 ملین ڈالر بیرون ملک بھجوائے گئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر امریکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سب سے زیادہ 195 ملین ڈالر کی منتقلی کی گئی ہے۔
رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران فوڈ سیکٹرکی جانب سے 220 ملین ڈالر، مالیات کے شعبہ سے 136 ملین ڈالر، مواصلات کے شعبہ سے 119 ملین ڈالر اور ٹرانسپورٹ سروسز کے شعبہ کی جانب سے 106 ملین ڈالر کے منافع جات بیرون ملک بھجوائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری 2021کے دوران غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے مجموعی طورپر 133.3ملین ڈالر دیگر ممالک کو منتقل کئے گئے ہیں جن میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی)سے حاصل ہونیوالے 121.5ملین ڈالر اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے 12 ملین ڈالر کے منافع جات وغیرہ شامل ہیں۔