اسلام آباد: وفاقی حکومت 7.8 ارب روپے کے رمضان پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 19 اشیا پر سبسڈی دے گی۔
منگل کے روز وفاقی کابینہ نے رمضان المبارک کے لیے 7.8ارب روپے کے پیکج کی منظوری دی۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزرا فواد چوہدری اور حماد اظہر نے فیصلوں سے آگاہ کیا۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ غریب طبقے پر رمضان میں بوجھ نہیں پڑنا چاہیے اس لیے حکومت نے 7.8 ارب روپے کے رمضان پیکج کو منظور کر لیا ہے۔
وزیر صنعت و تجارت حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے 7.8ارب روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دی ہے۔
وزیراعظم کی پوری کوشش ہے کہ مہنگائی کا بوجھ لوگوں پر کم سے کم پڑے اور 7.8 ارب روپے کا پیکج اسی کوشش کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا سب سے زیادہ وقت مہنگائی کو نیچے لانے پر صرف ہوتا ہے اور ہمیں اتنی تباہ حال معیشت ملی تھی کہ تمام کوششوں کے باوجود قرضوں کے بوجھ سے نمٹنا آسان نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز ایک تباہ شدہ ادارہ تھا لیکن حماد اظہر نے آج خوشخبری سنائی ہے کہ اس سال کے آخر تک وہ خسارے سے باہر آ جائے گا۔