پشاور:وفاقی حکومت کی طرف سے پن بجلی منافع کی مد میں صوبہ کورواں ماہ تین ارب روپے کے بجائے دوارب روپے فراہم کردیئے گئے ہیں۔
رواں مالی سال کے دوران فراہم کی جانے والی رقم تیرہ ارب روپے ہوگئی ہے اگلے ماہ مزید تین ارب روپے ملنے کاامکان ہے۔
صوبائی حکومت کو پن بجلی منافع کی مد میں جولائی،اگست اورستمبر میں کوئی ادائیگی نہیں ہوسکی تھی تاہم اکتوبر میں دو جبکہ نومبر،دسمبر،جنوری کی مد میں تین تین ارب روپے صوبہ کو دیئے گئے۔
رواں ماہ بجلی منافع کی قسط ملنے میں تاخیر ہوئی اورگذشتہ روزیہ تین ارب کے بجائے دوارب روپے کی قسط صوبائی حکومت کو موصول ہوگئی ہے یوں صوبہ کو اب تک 13 ارب روپے کی ادائیگی ہوگئی ہے۔
صوبائی حکومت کی کوششوں کے بعد ماہانہ بنیاد وں پرہی ادائیگی کاسلسلہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
اس سے قبل صوبائی حکومت بجلی منافع کی رقم سہ ماہی بنیادوں پر ملا کرتی تھی۔
صوبائی حکومت کے ذرائع کاکہناہے کہ ماہانہ بنیادوں پر ادائیگی کاسلسلہ دوبارہ شروع ہونا ہماری کامیابی اور خوش آئند امرہے ہماری کوشش ہوگی کہ بتدریج ہرماہ ملنے والی رقم میں مزید اضافہ بھی ہوتا جائے۔