کراچی:حکومت نے مختلف قومی بچت سکیموں کے شرح منافع میں 0.40فیصد تک اضافہ کردیاہے،جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
اس ضمن میں وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پینشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ پر سالانہ منافع 11.28 سے بڑھا کر 11.52 فیصد مقرر کیا گیا ہے جبکہ شہدا ویلفیئر اکاؤنٹ پر بھی 11.28 فیصد کے بجائے 11.52 فیصد منافع ملے گا۔
اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع 8.40 سے بڑھا کر 8.80 فیصد کردیا گیا ہے جبکہ سیونگ اکاؤنٹس پر موجودہ شرح منافع برقرار رہے گا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ایک لاکھ روپے مالیت کے اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ پر 4200کی بجائے 4400 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ایک لاکھ روپے کے بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع 940 سے بڑھا کر 960 کردیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ایک لاکھ روپے مالیت کے ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر اب 750 روپے کے بجائے 780 روپے سالانہ منافع ملے گا جبکہ ایک لاکھ روپے مالیت کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ پر 7400 روپے ملیں گے۔