مہنگی ادویات کی روک تھام کیلئے ڈاکٹرز کو ہدایات جاری 

اسلام آباد: پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کو مریضوں کو برانڈڈ ادویات کا نام لکھ کر دینے کے بجائے اس کا فارمولہ تجویز کرنے کی ہدایت کردی۔

 ایک رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر فارمیسی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ڈاکٹر عبدالرشید کی جانب سے لکھے گئے خط میں صوبہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے سیکریٹریز صوبائی محکمہ صحت اور چیف کمشنر اسلام آباد سے کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر کسی مفاد پر مبنی برانڈ کی ادویات تجویز کرنے کے بجائے عام فارمولہ تجویز کریں، تاکہ غریب شہریوں کو مہنگی ادویات نہ خریدنی پڑیں۔

 وزیراعظم کے سٹیزن پورٹل پر شہریوں نے شکایت کی ہے کہ سرکاری اور نجی ہسپتال کمپنیوں کی مہنگی ادویات تجویز کرتے ہیں اور ڈاکٹروں کے اس عمل سے ملک کے معاشی بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے، جب کہ مریضوں کو مہنگے برانڈ کی ادویات خریدنے کی وجہ سے مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو میڈیکل اینڈ ڈینٹل پریکٹیشنرز کے ضابطہ اخلاق کی بھی خلاف ورزی ہے۔