ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو دئیے گئے دو ارب ڈالرقرض کی واپسی میں توسیع کردی،وزیرخارجہ نے اس خیرسگالی اقدام پراماراتی وزیرخارجہ کاشکریہ ادا کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی سمیت دیگر امور پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اکتوبر میں متوقع دبئی ایکسپو 2020 میں بھرپور شرکت کرے گا۔
شاہ محمود قریشی کا امارتی ہم منصب کو ویزہ کے حصول میں پاکستانیوں کو درپیش مشکلات حل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے بھی امارتی ہم منصب کو آگاہ کیا۔
اماراتی وزیرخارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے، ابو ظہبی فنڈ سے پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالرامدادی قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے یو اے ای کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔