اسلام آباد:بجلی صارفین سے 676 ارب روپے سے زائد وصولیوں کی تیاریاں کی جارہی ہیں،نیپرا نے بجلی کی تین سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کی درخواستوں پر سماعت مکمل کر لی۔
اسلام آباد نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق لیسکو، فیسکو اور آئیسکو کی جانب سے رواں مالی سال کیلئے مختلف ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مجموعی طور پر 676 ارب 90 کروڑ روپے وصولیوں کی درخواستیں دی گئیں۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے سب سے زیادہ 365 ارب 66 کروڑ 70 لاکھ روپے مانگے گئے،فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 269 ارب 5 کروڑ، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 42 ارب 18 کروڑ 80 لاکھ روپے وصولیوں کی درخواست دی۔
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت نیپرا ہیڈکوارٹرمیں ہونے والی سماعت میں اتھارٹی بجلی کمپنیوں کے حکام کے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ درخواستوں پر فیصلہ بعد میں جاری کیا جائیگا۔