وزیراعظم عمران خان سے ترک وزیردفاع کی ملاقات ہوئی جس میں علاقائی مسائل سمیت افغان امن عمل سے متعلق بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اورترکی کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان منفرد باہمی تعاون اورباہمی اعتماد ہے۔ تمام مسائل بالخصوص مسئلہ کشمیرپرپاکستان کی مستقل حمایت پرترکی کے شکرگزر ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے افغان امن عمل پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں مذاکرات اورسیاسی حل آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، امید ہے افغان رہنما آگے بڑھنے کےلیے ہم آہنگی کی اہمیت کو تسلیم کریں گے۔ افغان رہنما جامع، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ حاصل کریں گے۔
وزیر اظم عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان افغان امن عمل کو آگے بڑھانے اورسیاسی حل کے لیے ہرممکن کوشش جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے ترکی کیساتھ دوطرفہ دفاعی تعاون پربھی اطمینان کا اظہارکیا۔ جب کہ ترکی کے جنگلات میں آتشزدگی پرگہری تشویش کا اظہارکیا۔ وزیراعظم نے ترکی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آفت سے نمٹنے میں ترکی کے ساتھ ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔