کویتی کمپنی کا خیبر پختونخوا میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کااعلان 

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے  رواں سال دبئی ایکسپومیں کامیاب شرکت کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، ایکسپو میں دستخط کی گئی مفاہمتی یاد داشتوں کو عملی جامہ پہنانے پر پیشرفت جاری ہے۔

 اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے کویتی سرمایہ کار کمپنی انرٹیک ہولڈنگ کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کیلئے لیٹر آف انٹنٹLetters of Intent (LoI) جاری کر دیئے ہیں۔کویتی سرمایہ کار کمپنی صوبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

 یاد رہے کہ دبئی ایکسپو کے دوران انرٹیک ہولڈنگ اور صوبائی حکومت کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے تھے۔

 اس سلسلے میں منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاس پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیراعلی ٰخیبرپختونخوا محمود خان تھے جبکہ صوبائی کابینہ اراکین تیمور سلیم جھگڑا، بیرسٹر محمد علی سیف، عبدالکریم اورایڈیشنل چیف سیکرٹری شہا ب علی شاہ کے علاوہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر انرٹیک ہولڈنگ عبد اللہ المطہری،چیئرمین پاک کویت انوسٹمنٹ کمپنی محمد اے۔ایم الفارس اور دیگرنجی وسرکاری حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی حکومت کی طرف سے کویتی سرمایہ کار کمپنی انرٹیک ہولڈنگ کو سرمایہ کاری کے لئے باقاعدہ ایل او آئی  لیٹر آف انٹینٹ جاری کئے گئے۔ مذکورہ کمپنی 84 میگاواٹ گورکن مٹلتان اور 69 میگاواٹ لاوی کی سائٹس پر دو گرین ہائیڈروجن پلانٹس قائم کرے گی، توانائی کے ان منصوبوں پر سرمایہ کار کمپنی 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس کے علاوہ انرٹیک ہولڈنگ خان پور میں سیٹلائٹ اینڈ سمارٹ سٹی کے قیام پر 750 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

 سیٹلائٹ اینڈ سمارٹ سٹی منصوبے کی تکمیل کے بعد تین سے چار ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے جبکہ اس منصوبے کی تکمیل سے سالانہ 80 سے 100 ملین ڈالر کی معاشی سرگرمیاں پیدا ہونگی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی محمود خان نے کہاکہ صوبائی حکومت نے دبئی ایکسپو میں غیر ملکی سرمایہ کمپنیوں کے ساتھ 8 ارب ڈالر کے 44 ایم او یوز پر دستخط کئے تھے جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔کویتی سرمایہ کار کمپنی کی طرف سے صوبے میں سرمایہ کاری انتہائی خوش آئند ہے۔

انہوں نے صوبے میں خطیر سرمایہ کاری کرنے پر انرٹیک ہولڈنگ کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت کمپنی کو ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کرے گی۔ یہ سرمایہ کاری صوبے میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے راہیں کھولے گی۔

محمود خان نے کہاکہ گرین ہائیڈروجن پلانٹس منصوبے صوبے میں ماحول دوست توانائی کو فروغ دینے میں ایک سنگ میل ثابت ہونگے جبکہ سیٹلائٹ اینڈ سمارٹ سٹی کا قیام صوبے میں پائیدار شہری ترقی کے لئے بنیادیں فراہم کرے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ خیبر پختونخوا میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہے،صوبائی حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام خدمات اور سہولیات فراہم کر رہی ہے، انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دے کر لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے۔

صوبائی حکومت کے دور رس اقدامات کے نتیجے میں صوبہ تجارتی، صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔