پاکستان اور ایران دونوں تحمل سے کام لیں، روس

روس نے کہا ہے کہ  پاکستان اور ایران دونوں تحمل سے کام لیں۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا کا کہنا ہے فریقین مسائل سیاسی و سفارتی ذرائع سے حل کریں۔ایس سی او کے دوست ممالک کے درمیان کشیدگی افسوسناک ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک سے روس کے شراکتی تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔ مزید کشیدگی امن میں دلچسپی نہ رکھنے والوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنے گی اور خطے میں امن و استحکام اور سلامتی نہ چاہنے والے فائدہ اٹھائیں گے۔دوسرے ملک میں انسداد دہشتگردی کی کارروائی اس کے تعاون اور معاہدے کے تحت ہونی چاہیے۔

دوسری جانب افغانستان نے بھی پاکستان میں ایرانی حملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ترجمان افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر افغانستان کو تشویش ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں،بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالیں۔علاوہ ازیں پاکستان اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی پر چین کی جانب سے دوبارہ ثالثی کی پیشکش کی گئی ہے۔

کراچی میں چین کے قونصل جنرل یانگ یوڈونگ نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران خطے اور مسلم دنیا کے اہم ممالک ہیں، امید ہے پاک ایران اختلافات بات چیت سے حل کیے جا سکتے ہیں۔

یانگ یوڈونگ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک سے کہتے ہیں کہ اختلافات پر تحمل کریں،پاکستان اور ایران اپنے تعلقات اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی اقدار کے مطابق آگے بڑھائیں۔

امید ہے پاک ایران تعلقات پُرامن طریقوں سے حل کیے جاسکتے ہیں، ہم دونوں ملکوں سے کہتے ہیں کہ وہ اختلافات پر تحمل کا مظاہرہ کریں۔

چین کے قونصل جنرل کا  مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے اچھے دوست پاکستان اور ایران سے کہتے ہیں ہم کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں، پاک ایران اختلافات دور کرنے کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔