عرب اسرائیل تعلقات

حماس کا یہ مطالبہ بالکل جائز ہے کہ اسرائیل کو راہ راست پر لانے اور گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے واسطے اگر عرب ممالک پہلے مرحلے میں اس سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیں تو بہتر ہو گا۔ خود احتسابی کی اس سے بڑی مثال بھلا اور کیا ہوگی کہ چرچ آف انگلینڈ کے سربراہ نے عہدے سے اس بات پر استعفیٰ دیدیا کہ انہوں نے بروقت اپنے ادارے میں بچوں کے ساتھ جنسی تشدد کی اطلاع پولیس کو کیوں نہیں دی کاش اس قسم کی خود احتسابی کا کلچر وطن عزیز کے اداروں کے سربراہوں میں بھی فروغ پا جائے۔ یہ خبر تشویشناک ہے کہ سموگ سے اڑھائی لاکھ قبل از وقت اموات کا خدشہ ہے وزیر اعظم نے یہ کہہ کر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی 
سے نمٹنے کیلئے ترقی پذیر ممالک کو 6 ہزار ارب ڈالرز کی ضرورت ہے اور یہ کہ ترقی یافتہ ممالک کو آگے آ نا ہوگاوعدے پورے کرنا ہونگے۔ نواز شریف کا یہ بیان درست ہے کہ پاکستان کو امریکہ کیساتھ بھی دوستانہ تعلقات رکھنے چاہئیں مگر یہ تعلقات غیر مشروط ہوں اور امریکہ کی اندھی تقلید میں پاکستان روس اور چین کیخلاف کسی بھی امریکی مہم بازی کا حصہ نہ بنے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک جج صاحب کا یہ بیان چشم کشا ہے کہ پارلیمنٹ نے اربوں روپے کے کرپشن کیسز ختم کر دیئے اور جب اسے ہوش آئے گا تو بہت دیر ہو چکی ہوگی۔ یہ امر حد درجے افسوسناک ہے کہ پاکستان ان سر فہرست ممالک میں شامل ہے کہ جہاں سوشل میڈیا پر فحش مواد دیکھا جاتا ہے نہ جانے حکومت کے متعلقہ ادارے اس ضمن میں کیوں خواب خرگوش میں مبتلا ہیں‘ سوشل میڈیا نے جو مادر پدر آزاد پالیسی اپنا رکھی ہے اس نے وطن عزیز میں اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے اور سب سے زیادہ نئی جنریشن اس کامنفی اثر لے رہی ہے۔