اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ساز تیزی، انڈیکس 95 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کرگیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج پھر ریکارڈ ساز تیزی دیکھی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں انڈیکس 95 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کرگیا۔
 

کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن بازارِ حصص میں  کاروبار کا آغاز 386 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 95 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرکے 95150 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر آ گیا۔

بعد ازاں پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان جاری رہا اور 477 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 100 انڈیکس 95240 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتوں سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ہے اور اس دوران پی ایس ایکس میں کاروبار کے نئے ریکارڈز قائم ہوئے ہیں۔

دوسری جانب آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کے تحت میکرو اکنامک انڈیکیٹرز میں بہتری کے ساتھ پاکستان کے ریسرچ ہاؤسز نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج اپنے اسٹاکس میں سرمایہ کاری پر 27 سے لے کر 37 فیصد تک کی رینج میں منافع کی پیشکش کرے گی۔ اس سے بنچ مارک ’’کے ایس ای 100‘‘ دسمبر 2025 تک  120000 سے لے کر 127000 تک کی اپنی نئی بلندیوں پر پہنچ جائے گی۔

رپورٹ میں ’’ پاکستان سٹریٹجی ۔ پاکستان آوٹ لک 2025‘‘ کے نام سے رپورٹ میں ٹاپ لائن ریسرچ میں کہا گیا کہ 2025 میں آئی ایم ایف جائزے کی کامیاب تکمیل، اس کے رہنما خطوط کے مطابق مالی سال 2026کے بجٹ کی منظوری اور پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے یورو بانڈز اور سکوک کے اجرا کے دروازے کھل جائیں گے۔