گوگل کا میپس کی لوکیشن ہسٹری کو ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ

گوگل کی جانب سے لوکیشن ہسٹری کے حوالے سے بڑی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔

کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ بہت جلد گوگل میپس میں محفوظ تمام لوکیشن ہسٹری کو ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔

اس میں ٹائم لائن فیچر کا وہ ڈیٹا بھی شامل ہوگا جو گوگل میپس آپ کی سرگرمیوں کو ٹریک کرکے محفوظ کرتا ہے۔

درحقیقت نئی اپ ڈیٹ کے بعد ماضی کا ڈیٹا گوگل میپس میں محفوظ نہیں ہوگا۔

کمپنی کی جانب سے بہت جلد صارفین لوکیشن ہسٹری میں کی جانے والی تبدیلیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

یکم دسمبر 2024 کے بعد سے 3 ماہ سے زیادہ پرانا ڈیٹا ڈیلیٹ کرنے کا سلسلہ شروع ہوگا۔

خیال رہے کہ دسمبر 2023 سے گوگل کی جانب سے آپ کی لوکیشن ہسٹری کو گوگل کلاؤڈ کی بجائے آپ کی ڈیوائسز میں محفوظ کیا جا رہا ہے۔

مگر نئی اپ ڈیٹ کے بعد ڈیوائس میں محفوظ ڈیٹا بھی ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔

اگر آپ ماضی کے دوروں یا پسندیدہ یادوں کے لیے گوگل میپس کے ٹائم لائن فیچر پر انحصار کرتے ہیں تو پھر آپ کو اس ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری اقدام کرنا چاہیے۔

گوگل کی جانب سے صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 8 دسمبر تک 3 ماہ سے زائد پرانے لوکیشن ہسٹری ڈیٹا کو ڈاؤن لوڈ کرکے محفوظ کرسکتے ہیں۔

8 دسمبر کے بعد تمام غیر محفوظ ڈیٹا ہمیشہ کے لیے ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔

اگر آپ یہ ڈیٹا محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو takeout.google.com پر وزٹ کریں۔

وہاں لوکیشن ہسٹری (ٹائم لائن) کے علاوہ تمام آپشنز کو ڈی سلیکٹ کرلیں۔

اس کے بعد نیکسٹ اسٹیپ پر کلک کریں اور پھر create ایکسپورٹ آپشن کا انتخاب کریں۔

جب ایکسپورٹ کا عمل مکمل ہوگا تو آپ کے پاس ٹائم لائن ڈیٹا کی محفوظ کاپی موجود ہوگی۔