آئی ایم ایف نے گیس قیمتوں میں اضافے کیلئے ڈیڈلائن دیدی

آئی ایم ایف نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کیلئے حکومت کو 15 فروری 2025 تک کی ڈیڈ لائن دیدی۔

رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 15 فروری 2025 تک گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا نے گیس کی قیمتوں سے متعلق فیصلہ تاحال وفاقی حکومت کونہیں بھجوایا، اوگراکے متعین کردہ ٹیرف کی روشنی میں وفاقی حکومت فیصلہ کرے گی اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی اوگرا گیس قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے ششماہی گیس ٹیرف کی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق شرط رکھی ہے۔یاد رہے کہ گیس کمپنیوں نے اوگرا سے گیس 53.47 فیصد مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی اور اوگرانے سرکاری گیس کمپنیوں کی درخواست پر نومبر میں سماعت کی تھی۔