کاٹی نے شرح سود میں 2 فیصد کمی کو ناکافی قرار دیدیا

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) نے شرح سود میں 2 فیصد کمی کو ناکافی قرار دیا ہے۔

کاٹی کے صدر جنید نقی نے اس کمی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی شرح 4.9 فیصد پر آچکی ہے جو گزشتہ 6 سال کی کم ترین سطح ہے، اور ساتھ ہی زرمبادلہ کے ذخائر، ڈالر کی قدر میں استحکام اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کے باوجود معیشت کی بہتری کے لیے پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ پر لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افراط زر کی شرح اسٹیٹ بینک کی پیش گوئی سے کم ہو کر 4.9 فیصد تک پہنچنے کے باوجود کاروباری کمیونٹی کا مطالبہ تھا کہ شرح سود کو سنگل ڈیجٹ تک کم کیا جائے۔

جنید نقی کے مطابق، موجودہ معاشی حالات میں شرح سود میں مزید کمی کی گنجائش تھی، اور اس کمی کے ذریعے صنعتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بینکوں سے سستے قرضوں کی فراہمی ضروری تھی۔ انہوں نے کہا کہ بلند پالیسی ریٹ کی وجہ سے معیشت سست روی کا شکار ہوچکی ہے اور اس کو فوری طور پر درست کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صنعتوں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے اور معاشی ترقی کو تیز کرنے کے لیے شرح سود میں مزید کمی کی توقع تھی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شرح سود کو بہتر بنانے کے لیے پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے تاکہ خاص طور پر ایکسپورٹ انڈسٹری کو اس سے فائدہ پہنچے۔