دھوکہ نہ کھائیں، چمڑے کی جیکٹس خریدتے ہوئے ان باتوں کا خیال رکھیں

سردیوں میں لیدر جیکٹ کا استعمال سب سے زیادہ عام ہے۔ فیشن چاہے کتنے ہی کیوں نہ بدل جائیں چمڑے کی جیکٹس، پرس اور جوتوں کا ٹرینڈ کبھی نہیں بدلتا ہے۔

سردیوں میں ان کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر کئی منافع خور دوکاندار نقلی چمڑے کی بنی ہوئی مصنوعات کو اصلی بنا کر مارکیٹ میں لے آتے ہیں۔ اگر آپ بھی کوئی ایسا دھوکہ کھا چکے ہیں یا ایسے دھوکے سے بچنا چاہتے ہیں تو چمڑے کی جیکٹس، جوتے، اور پرس خریدتے وقت ان باتوں کا خیال رکھیں۔

چھوکر دیکھیں

اصلی اور نقلی چمڑے کا فرق اسے چھونے سے معلوم ہوسکتا ہے۔ اصلی چمڑے کی ساخت، جو جانوروں کی کھال سے بنائی جاتی ہے، اس میں بہتر فنشنگ اور لچک ہوتی ہےجبکہ مصنوعی مواد سے بنایا گیا جعلی چمرے کو چھونے سے وہ اچھا محسوس نہیں ہوتا ہے۔ اس کے مقابلے میں اصلی چمرے کو دبایا جاتا ہے تو اسمیں لکیریں نمودار ہوجاتی ہیں۔ جبکہ نقلی چمڑا زیادہ نرم نظر آتا ہے۔

رنگ سے شناخت

آپ اس ٹو ٹکے کو اصلی چمڑے کی شناخت کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں اصلی لیدر کو فولڈ کرنے سے رنگ میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ ہلکی سی سکڑن ہوجاتی ہے۔ جبکہ نقلی چمڑا سخت ہونے کی وجہ سے آسانی سے موڑا نہیں جا سکتا اور ایسا کرنے سے ٹوٹ سکتا ہے۔

سونگھنے سے شناخت

اصلی چمڑے کی ایک خاص بو ہوتی ہے۔ جو جانوروں کی جلد کی طرح ہوتی ہے۔ جبکہ جعلی چمڑے سے ربڑ یا پلاسٹک کی بو محسوس ہوتی ہے۔

سلائی چیک کریں

اصلی چمڑے پر کی جانے والی سلائی بہت اچھی ہوتی ہےجبکہ نقلی چمڑے کی مصنوعات پر کی جانے والی سلائی کی کوالٹی ہلکی ہوتی ہے۔

جلا کردیکھا جائے

جب اصلی چمڑے کو جلایا جاتا ہے تو وہ تھوڑا سیاہ ہوجاتا ہےاور اس کے روئیں سے ہلکی سی بو بھی آتی ہے۔ جبکہ نقلی چمڑا آگ پکڑ لیتا ہے اور جلنے پر پلاسٹک کے جلنے جیسی بو دیتا ہے۔